بغداد،8مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عراق میں انسداد دہشت گردی فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل معن السعدی نے پیر کے روز بتایا ہے کہ ہماری فورسز نے موصل کے مغربی حصے میں 'صناعہ وادی عکاب' کے علاقے کو آزاد کرانے کے لیے پیش قدمی کی ہے۔ السعدی نے باور کرایا کہ انسداد دہشت گردی کی فورس نے مذکورہ علاقے کا گھیراؤ کر کے اس پر دھاوا بول دیا۔السعدی کے مطابق ان کی فورس اس علاقے کے اطراف داعش تنظیم کے جنگجوؤں کے ساتھ گھمسان کے معرکوں میں مصروف ہے اور تنظیم کے عناصر عراقی فورس کی تابڑ توڑ ضربوں کے سامنے جمے نہیں رہ سکیں گے۔دوسری جانب عراقی انسداد دہشت گردی کے ادارے کے کیپٹن احمد الحسنی کے مطابق داعش تنظیم کے ارکان کو اس وقت بدترین صورت حال کا سامنا ہے۔ اس لیے کہ ان کے سامنے دو آپشن ہیں.. یا تو وہ موت تک لڑائی جاری رکھیں اور یا پھر راہ فرار اختیار کریں جب کہ وہ کسی بھی سمت کا رخ نہیں کر سکتے۔ وہ محصور ہوچکے ہیں اور ان کے زیادہ تر جنگجو مارے جا چکے ہیں۔